
بھارت کے زیر انتظام ریاست جموں وکشمیر میں شدید بارشوں کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب سے ایک سوتین افراد ہلاک اور تین سو ستر سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔
مقبوضہ وادی پر قابض پولیس اور پیرا ملٹری دستوں نے سیکڑوں افراد کو سیلاب سے تباہ شدہ مکانات اور عمارتوں کے ملبے سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے
لیکن سیلابی ریلے کے تیز بہاٶ کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹیں پڑ رہی ہیں۔
سیلاب سے مقبوضہ وادی کا مشرقی پہاڑی علاقہ لداخ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے
جہاں گذشتہ رات اچانک تیز بارش کے بعدسیلاب آ گیا۔
سیلاب سے لداخ کے مرکزی شہر لیہہ کے ہوائی اڈے کو شدید نقصان پہنچا ہے
اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ سیلاب کے نتیجے میں کتنے افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
تاہم ریاست کے پولیس سربراہ کلدیپ کھوڈا نے صحافیوں کو بتایا ہے
کہ سیلاب کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے دو ہزار افراد کو حکومتوں کے زیرانتظام دو عارضی پناہ گاہوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔
لیہہ میں سیر و سیاحت کے لیے جانے والے ایک کشمیری تاجر کوثر مخدومی نے صحافیوں کو بتایا کہ ''وہاں ہر طرف کیچڑ اور پانی تھا''۔
انہوں نے بتایا کہ آدھی رات کے وقت بارش شروع ہوئی تھی
جس کے بعد پہاڑوں سے سیلابی پانی آنا شروع ہو گیا
جس سے جمعہ کی صبح تک متعدد مکانات اور عمارتیں تباہ ہو چکی تھیں۔
لداخ مقبوضہ جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر سے چار سو پچاس کلومیٹر مشرق میں سطھ سمندر سے ساڑھے گیارہ ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔
یہ مغربی سیاحوں اور خاص طور پر کوہ پیماٶں کے لیے ایک مقبول سیاحتی مقام ہے۔
یہاں اگست میں ہزاروں کی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔
بھارتی فوج کے ایک ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جے ایس برار نے بتایا ہے
کہ لیہہ شہر سے ایک سو بیس کلومیٹر شمال مشرق میں واقع گاٶں پانگ سے پانی میں پھنسے قریباً ایک سو غیر ملکی سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابھی تک کسی غیر ملکی کی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
کرنل برار نے بتایا کہ سیلاب سے ٹیلی فون کے ٹاورز تباہ ہو گئے ہیں
اور علاقے کی جانب جانے والی بڑی شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب سے لیہہ کے آس پاس ایک سو پچاس مربع کلومیٹر کے علاقے میں زیادہ تباہی ہوئی ہے.
لیہہ کے نواح میں واقع گاٶں چوگلمسار سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں بیسیوں مکانات اور عمارتیں سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں۔
کرنل برار کے مطابق سیلابی ریلے سے علاقے میں بھارتی فوج کے تین اڈوں کو نقصان پہنچا ہے،
دو فوجی لاپتا اور چودہ زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس سربراہ کھوڈا کے مطابق تین پولیس اہلکار امدادی سرگرمیوں کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور فوج بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں کر رہی ہے اور مواصلاتی نظام کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
هیچ نظری موجود نیست:
ارسال یک نظر